گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ کا اچانک دورہ کیا، جس کے دوران ناقص انتظامات اور غیر تسلی بخش حالات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں لاک اپ میں غیر معمولی تعداد میں افراد کو بند پایا گیا جس سے رش اور بدنظمی کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ زیرِ حراست افراد کی پراسیسنگ میں تاخیر ختم کی جائے اور تمام کارروائیاں محکمانہ ضوابط کے مطابق کی جائیں۔

دورے کے دوران واش رومز اور تھانے کی صفائی ستھرائی انتہائی ناقص پائی گئی۔ جگہ جگہ گندگی، بدبو اور مچھروں کی موجودگی دیکھی گئی، حتیٰ کہ ایس ایچ او کے دفتر میں بھی یہی صورتحال تھی۔ عملے کی حاضری غیر تسلی بخش اور لاک اپ کی حالت خراب تھی۔

معائنے کے دوران چیئرپرسن نے ایک ذہنی طور پر غیر متوازن شخص کو لاک اپ میں بند پایا، جس پر انہوں نے سخت نوٹس لیا اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مزید براں، تھانے میں تعینات چار خواتین اہلکاروں میں سے صرف ایک اہلکار موجود تھی۔ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے ہدایت کی کہ ہر وقت کم از کم دو خواتین اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ایس ایچ او کو حکم دیا کہ تھانے میں فوری صفائی، فومیگیشن اور واش رومز کی حالت بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں، جبکہ عملے کی روزانہ حاضری اور رجسٹر کی درستگی کی مانیٹرنگ لازمی قرار دی۔

چیئرپرسن نے واضح کیا کہ پنجاب کے تمام تھانوں میں صفائی، نظم و ضبط اور حاضری کے مؤثر نظام کے بغیر عوامی اعتماد اور محکمانہ شفافیت ممکن نہیں۔

Shares: