گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب ایک کروڑ 45 لاکھ 21 ہزار روپے کی لاگت سے 8 سکیموں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ضلع نارووال میں شکر گڑھ کے نئے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 42 کروڑ روپے کی سکیم کی منظوری دی گئی جبکہ سیالکوٹ میں ہائی وے کی 2 سکیموں پر 58 کروڑ 8 لاکھ 18 ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے۔ گورنمنٹ بوائز کالج ڈسکہ کی تعمیر کے لیے 23 کروڑ 53 لاکھ 28 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایک کالج کی تعمیر کے لیے 17 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ روڈز کی دو سکیموں کے لیے 46 کروڑ 43 لاکھ 2 ہزار روپے مختص کیے گئے۔ ضلع گجرات میں ایک روڈ سکیم کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ 34 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالرؤف، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلع نارووال، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے ڈپٹی کمشنرز حسن رضا، صفدر حسین ورک اور دیگر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے اجلاس کے دوران ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ترقیاتی محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کا استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔