گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد مسجد سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم میں کیا گیا۔ اس بابرکت محفل کی صدارت چیئرمین تعلیمی بورڈ اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کی۔ محفل میں معروف عالم دین پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد شفیق تبسم نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر شفیق تبسم نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد نے دنیا سے جہالت کے اندھیرے مٹا دیے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ چیئرمین بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہمیں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانا چاہیے۔
محفل کے اختتام پر تعلیمی بورڈ کے ملازمین کے حج کی ادائیگی کے لیے قرعہ اندازی کی گئی جس میں 4 خوش نصیب ملازمین کا انتخاب ہوا۔ منتخب ہونے والوں میں ناصر سعید کھوکھر، محمد منصب، تنویر احمد اور محمد عمران شامل ہیں۔ اس تقریب میں پروفیسر گوہر الطاف، سیکرٹری بورڈ، پروفیسر محمد نعیم بٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔








