گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)دنیا بھر کی طرح گجرانوالہ کے نواحی گاؤں موکھل سندواں میں بھی سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے دن پر شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت صاحبزادہ محمد احمد رضا موکھلوی احسان اللہ سیفی اور علامہ محمد مبشر مصطفائی نے کی۔

ریلی میں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے اور رنگ برنگی جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں۔ جلوس الوارث مسجد مین بازار موکھل سندواں سے ہوتا ہوا حیدری چوک، قبرستان روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی جامع مسجد گلستان انوار چشتیہ میں اختتام پذیر ہوا۔

ریلی کے دوران آمدِ مصطفیٰ ﷺ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، اہلِ علاقہ نے جلوس کے شرکا پر گل پاشی کی اور جگہ جگہ مشروبات اور کھانے کی سبیلیں لگا کر پرتپاک استقبال کیا۔ آخر میں دُور دراز سے آئے ہوئے علمائے کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں پراثر بیانات دیے اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

Shares: