گوجرانوالہ(باغی ٹی وی محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ)گوجرانوالہ میں دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے وزیرآباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور رات بھر فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف دیہاتوں سے پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ صورتحال انڈر کنٹرول ہے۔
سیلابی صورتحال میں پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے بھی ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ دریائے چناب کے قریبی تمام علاقوں میں ریسکیو اہلکار مسلسل کشتیوں میں نگرانی کر رہے ہیں۔
محکمہ انہار کے مطابق دوپہر ایک بجے کی رپورٹ کے تحت ہیڈ مرالہ بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 49 ہزار 748 کیوسک اور اخراج 5 لاکھ 43 ہزار 283 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خانکی بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 10 لاکھ 01 ہزار 480 کیوسک، جبکہ قادر آباد بیراج پر آمد و اخراج 9 لاکھ 35 ہزار 722 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح نالہ ایک میں پانی کا اخراج 46 ہزار 950، نالہ ڈیک کنگرہ میں 7437 اور پلکھو میں 4400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے وزیرآباد اور گوجرانوالہ میں 13 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو ریلیف اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔








