گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) فتح والا مرکز، قلعہ دیدار سنگھ میں یومِ کاشتکاران کے سلسلے میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر اور پرنسپل ایگریکلچر آفیسر/ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد اعظم مغل نے کی۔
اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر، ریجنل ہیڈ این آر ایس پی امجد علی بخآری، زرعی ماہرین حافظ عنایت اللہ سمیت علاقے بھر کے ترقی پسند کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اختر اور محمد اعظم مغل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہیں، جن میں کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم، سولرائزیشن اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے مقابلے شامل ہیں۔
ماہرین نے کسانوں کو ہدایت کی کہ محکمہ زراعت (توسیع) کی سفارشات پر عمل کرکے ہی بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
امجد علی بخآری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام کسانوں کے لیے نہایت اہم ہیں، کیونکہ ان میں اچھی پیداوار کے سنہری اصول بتائے جاتے ہیں۔ انہوں نے NRSP کے تحت کسانوں کے لیے جاری فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔
محمد اعظم مغل نے کسانوں کو خشک سالی کے اثرات کم کرنے اور کھادوں کے مؤثر استعمال پر آگاہ کیا اور جدید زرعی تکنیکوں پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کے آخر میں زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں جدید زرعی طریقوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔
یہ تقریب کسانوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوئی، جہاں انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی، حکومتی مراعات اور زیادہ پیداوار کے طریقے سیکھنے کا موقع ملا۔