گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ میاں رحمت علی گریجوایٹ کالج میں عالمی یوم خوراک کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی محمد سجاد گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمیر ارشد اور ماہرینِ غذائیت نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ خوراک کی حفاظت ایک قومی اور اجتماعی ذمہ داری ہے، بچوں اور نوجوانوں کیلئے غذائیت سے بھرپور اشیاء کی فراہمی اور جنک فوڈ کے استعمال میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے خطاب میں کہا کہ ملاوٹ کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے، عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے فوڈ اتھارٹی کی خدمات مثالی ہیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق شرکاء کو غذائی تحفظ، غذائیت کی کمی سے بچاؤ اور صحت بخش خوراک کے متعلق آگاہی دی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ اچھی اور صحت بخش خوراک کے حصول کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کیونکہ خوراک صرف پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ قوموں کی صحت اور ترقی کی بنیاد ہے۔