گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کا فوکس گورننس کے معیار کو بہتر بنانا ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 83 انشی ایٹوز کے تحت اضلاع کی ہفتہ وار رینکنگ کی جاتی ہے۔ وہ سول سروسز اکیڈمی کے 52 ویں کامن کے زیر تربیت افسران سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہاں سکھ برادری کے مقدس مقامات جیسے کرتار پور، چیلیاں والا اور روہڑی صاحب واقع ہیں، جہاں رواں سال ہزاروں سکھوں نے زیارت کی۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے کرتار پور میں شاپنگ سنٹر، ہوٹل اور دیگر سہولتوں کی منصوبہ بندی کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 993 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 265 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 45 ارب 66 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں تعلیمی اداروں جیسے گوجرانوالہ یونیورسٹی، رسول یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی اور دیگر شامل ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں، اور سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ ساتھ ہی ساتھ، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ کو سگنل فری کوریڈور بنانے اور جدید الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔
انہوں نے گوجرانوالہ میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، اور رورل علاقوں میں بھی صفائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سیشن کے دوران زیر تربیت افسران نے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات کیے، جن کا کمشنر نے تفصیل سے جواب دیا۔