گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے سات اضلاع میں 28 اکتوبر سے جاری انسداد پولیو مہم کے دوران پہلے تین دن میں 30 لاکھ 79 ہزار 472 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ پانچ سال تک کی عمر کے سو فیصد بچوں کی کوریج یقینی بنانے کے لیے مہم کی مکمل مانیٹرنگ جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس کی قیادت ڈاکٹر حامد جعفری کر رہے تھے جبکہ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر زین العابدین اور ڈاکٹر عبدی بھی شامل تھے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 32 لاکھ 63 ہزار 472 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےاور ابتدائی تین دنوں میں 94.35 فیصد کوریج مکمل ہو چکی ہے۔ اس دوران پہلے وزٹ میں دستیاب نہ ہونے والے 2 لاکھ 50 ہزار 354 بچوں کو بھی تلاش کر کے ویکسین پلائی گئی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مائیکرو پلان کو مزید موثر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کو جلد ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد نے گوجرانوالہ ڈویژن میں انسداد پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں کے باعث گوجرانوالہ ڈویژن کو کم رسک والے علاقوں میں شامل کیا جا چکا ہے۔
دریں اثناء کمشنر گوجرانوالہ اور چیئرمین ایجوکیشن بورڈ سید نوید حیدر شیرازی نے تعلیمی بورڈ کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں اور طلبہ و طالبات کے مسائل کے حل کے لیے بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور یقینی بنایا جائے کہ ان کے مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر نعیم بٹ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر گوہر الطاف بھی موجود تھے۔