گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین ہنر اور مہارت میں دنیا کی کسی قوم سے کم نہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے گھریلو صنعتوں اور دستکاریوں کے فروغ کی ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل معاونت اور سرپرستی فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال گوجرانوالہ ڈویژن کے زیر اہتمام ایک روزہ "ہینڈی کرافٹ نمائش: میڈا ہنر میڈا گہنا” کی افتتاحی تقریب میں کیا۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع میں صنعت زار، انڈسٹریل ہومز اور سماجی تنظیموں سے وابستہ خواتین کی تیار کردہ مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ خواتین کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور جدید رجحانات کے مطابق تربیت و آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، اے ڈی سی آر شبیر حسین بٹ، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید، مینیجر صنعت زار سمیرا اقبال اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت مختلف اضلاع کی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
کمشنر نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی مصنوعات کی سوشل میڈیا پر مارکیٹنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے اپنی جیب سے خریداری بھی کی۔ نمائش کو شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔