گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے ایکسویں بیج کی اختتامی تقریب پولیس لائنز گوجرانوالہ میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے پروگرام میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور فرینڈز آف پولیس کے بیجز بھی لگائے۔

پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیس کے مثبت پہلوؤں کو فروغ دینا اور پولیس و عوام کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جنہیں دو ہفتوں پر محیط انٹرن شپ کے دوران پولیس کی مختلف ورکنگ اور شعبوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیسنگ کی بہتر سمجھ بوجھ فراہم کرنا اور نوجوانوں کو پولیس کے جدید اقدامات اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پروگرام میں طلباء و طالبات کے تعاون سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

انٹرن شپ کے دوران طلباء کو پولیس ورکنگ، میثاق سینٹر، ویمن انکلیو، انوسٹی گیشن، آپریشن، آئی ٹی، اور دیگر اہم دفاتر میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے لیکچرز دیے گئے اور وزٹ کرائے گئے۔ پولیس کے سینئر افسران نے انٹرن شپ میں شریک طلباء کو پولیس کے تجدیدی اقدامات اور شہریوں کی خدمت میں پولیس کے کردار سے آگاہ کیا۔

اختتامی تقریب کے موقع پر طلباء و طالبات نے اس پروگرام کے انعقاد پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پروگرام سے انہیں پولیس کی ورکنگ کے بارے میں مفصل معلومات حاصل ہوئیں اور یہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ نوجوانوں کو پولیسنگ کے شعبے میں مزید آگاہی حاصل ہو اور پولیس و عوام کے درمیان مثبت تعلقات قائم ہوں۔

Shares: