گوجرانوالہ (نامہ نگار،محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ میں جنرل سٹور کے مالک کے تشدد سے ایک ملازم کی ہلاکت کے بعد لواحقین نے مقدمہ درج نہ ہونے پر نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ شدید غم و غصے میں مبتلا مظاہرین نے حافظ آباد روڈ دونوں اطراف سے بند کر دی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاج کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آیا جب مظاہرین میں شامل خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے ایک شخص کو مظاہرین نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ تاہم، مقامی ڈی ایس پی سرکل اور پولیس نے بروقت مداخلت کر کے ملزم کو مظاہرین کے ہتھے سے چھڑوا لیا۔
تھانہ لدھیوالہ پولیس کی جانب سے قتل کا مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا اور ٹریفک کی روانی بحال ہو سکی۔








