گوجرانوالہ:کمشنر روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،سیوریج کا گندہ پانی،گندگی کے ڈھیر انتظامیہ کی آنکھوں سے اوجھل

گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی)گوجرانوالہ کی کمشنر روڈ کی حالت زار انتہائی تشویش ناک ہے۔ روڈ کی سطح جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سیوریج سسٹم خراب ہے، اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ اس سے نہ صرف علاقہ کی شبیہ خراب ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں تو صورتحال مزید بگڑ جاتی ہے کیونکہ پانی کھڑا رہنے سے روڈ تالاب بن جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

روڈ پر گٹروں کے اوپر پلاسٹک کے ڈھکن ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بھی موجود ہے۔ علاوہ ازیں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی لاپرواہی کی وجہ سے روڈ کے دونوں اطراف کچرے کے ڈھیر لگے رہتے ہیں اور مچھروں کی وجہ سے بیماریوں کےپھیلاؤ کا خطرہ ہے۔

اہلیان علاقہ نے کمشنر گوجرانوالہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کریں کہ روڈ کی مرمت اور صفائی ستھرائی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو راحت مل سکے۔

Leave a reply