گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ)گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں پیرا فورس کی شاندار فارمل کمانڈ سلامی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور خطاب میں پیرا فورس کی کارکردگی کو سراہا۔
پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو سلامی دی۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پیرا فورس نے نظم و ضبط، مہارت اور بھرپور جذبے کے ساتھ شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا، جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کا خاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ پیرا فورس ان مسائل کے خلاف بہترین کام کر رہی ہے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم ایک ٹیم ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیرا فورس کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ نوجوان محنت، لگن اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ پیرا فورس عوام کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد ادارے کے طور پر ابھرے۔
انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے اور کسی کو رعایت نہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیلاب کے دوران پیرا فورس کی خدمات کو بھی سراہا۔
پریڈ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان، صوبائی اسمبلی کے ارکان قیصر اقبال سدھو اور محمد نواز چوہان، اسسٹنٹ کمشنرز اقرار مبین، فیصل مجید، ایس ڈی ای او پیرا فورس محسن ڈھلوں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔