گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تھانہ تتلے والا کے دلیر اے ایس آئی ثقلین اعظم اور ان کی ٹیم کو سنگین وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ مجرم شیر ورک کے خلاف کامیاب پولیس مقابلے پر خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شیر ورک نامی خطرناک بدمعاش اور قاتل، جو ایک تازہ قتل کے بعد فرار ہو رہا تھا، پولیس کو موصول ہونے والی 15 کال پر فوری کارروائی کی گئی۔ تھانہ تتلے والا کی پولیس ٹیم میں شامل اے ایس آئی ثقلین اعظم نے نہایت جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ شیر ورک اور اس کے ساتھیوں سے مقابلہ کیا۔ کارروائی کے نتیجے میں علاقہ بدنام مجرم کے دہشت سے پاک ہو گیا۔

علاقہ مکینوں نے اے ایس آئی ثقلین اعظم کو "مسیحا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عرصے سے شیر ورک کے ظلم کا شکار تھے، مگر پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی نے انہیں سکھ کا سانس دیا۔ شہریوں نے اے ایس آئی ثقلین اعظم کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کی مزید ترقی و کامیابی کے لیے دعا کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہادر افسر کو نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازا، جبکہ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چودھری اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسی جذبے سے فرائض انجام دیتے رہیں تاکہ پنجاب کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔

Shares: