گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی سلمی بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 کی نسبت اب مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے، خصوصاً دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کالے چنے کی قیمت میں 38 روپے اور بیسن کی قیمت میں 34 روپے فی کلو تک کمی ہوئی ہے، جبکہ مختلف سبزیوں کی قیمتیں بھی 100 سے 150 روپے تک کم ہو چکی ہیں۔

سلمی بٹ نے کہا کہ رمضان بازاروں کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے اور اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ سستے بازار قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ افغانستان کا بارڈر بند ہونا تھا، تاہم اب ٹماٹر دیگر علاقوں سے آرہے ہیں اور ریٹ میں واضح کمی ہو چکی ہے۔

سلمی بٹ کے مطابق پیاز اور ٹماٹر سیزنل آئٹمز ہیں جن کی قیمتیں آف سیزن میں بڑھ جاتی ہیں، مگر حکومت فارمنگ کے فروغ کے ذریعے ان اشیاء کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اشیائے خوردونوش کے ٹرکوں کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کو روکا جا سکے۔

سلمی بٹ نے واضح کیا کہ سبزی منڈی میں آنے والے تمام ٹرکوں کی نیلامی شفاف طریقے سے ہوگی، اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کے مطابق، پنجاب بھر میں انتظامیہ پرائس کنٹرول کے لیے متحرک ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

Shares: