گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس انیشیٹیوز کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام کے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے جی ٹی روڈ، چیانوالی ہل ریزارٹ، کامونکی لیڈیز پارک، لائبریری، گرین بیلٹس اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔
چیانوالی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے "پلانٹ فار پاکستان” اور "پلانٹ فار پنجاب” مہم کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے۔ چیانوالی ڈمپنگ سائٹ کو جنگل میں تبدیل کرنے کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں جدید واٹر سپرنکلنگ سسٹم کے ذریعے کم پانی میں پودوں کی آبیاری کا نظام نصب کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس منصوبے کو ماحولیاتی تحفظ اور مستقبل کی نسلوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کامونکی میں لیڈیز پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی، پودوں اور گھاس کی دیکھ بھال، واکنگ ٹریک کی حالت کا جائزہ لیا اور بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ، قومی شاہراہ پر واقع گرین بیلٹس پر مانومنٹس کی تنصیب، گھاس کی کانٹ چھانٹ اور مزید شجرکاری کے احکامات بھی دیے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جو صفائی کے مسائل کے حل اور شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ پارکوں کی تزئین و آرائش، گرین بیلٹس کی بحالی اور شہر کی مجموعی خوبصورتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے، یکساں برینڈنگ اور غیر قانونی گیس ریفلنگ شاپس کے خلاف آپریشن تسلسل سے جاری ہیں، جنہیں ضلعی انتظامیہ خود مانیٹر کر رہی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔