گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار نحند رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد کے قریب دیوان روڈ پر واقع سٹیل مل میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گرنے سے 4 مزدورجاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ سٹیل مل کی بھٹی میں انتہائی درجہ حرارت پر لوہا پگھلایا جا رہا تھا کہ بوائلر کے عدم توازن کے باعث پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گر گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی چار مزدور جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 حکام نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق مزدوروں کی شناخت وکیل، ندیم، عاطف اور صدام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق بھٹی میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق سٹیل مل میں حفاظتی اقدامات کی شدید کمی پائی گئی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ حکام فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ فیکٹری انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزدوروں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

Shares: