گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمدرمضان نوشاہی) – دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن برائے مخصوص افراد گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد خصوصی افراد کو ووٹ کے حق اور اس کی ذمہ داری سے متعلق آگاہ کرنا تھا۔

اس موقع پر دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن گوجرانوالہ کی صدر مس ہما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ صرف ایک حق ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی اہم ذمہ داری ہے، جو بالواسطہ طور پر ملک و قوم کے روشن مستقبل کا تعین کرتی ہے۔

تقریب میں الیکشن کمیشن آفس گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرفراز حبیب، وقار ادریس اور ارسلان رزاق نے خصوصی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرفراز حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور انہیں معاشرے کا ایک فعال اور اہم حصہ تصور کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن خصوصی افراد کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے، تاکہ اٹھارہ سال یا اس سے زائد عمر کا ہر وہ شہری جو قومی شناختی کارڈ کا حامل ہے، اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنا سکے۔

سرفراز حبیب نے مزید کہا کہ ووٹ کا اندراج اور اس کی اہمیت سے متعلق آگاہی کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور ووٹ کا درست استعمال شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف آگاہی پروگرام منعقد کرواتا ہے۔ ضلع گوجرانوالہ میں بھی الیکشن کمیشن نے متعدد اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے عوام کی سہولت کے پیش نظر متعارف کرائی گئی 8300 کی میسج سروس کا بھی ذکر کیا، جس کے ذریعے شہری ایک پیغام بھیج کر اپنے ووٹ کی قومی شناختی کارڈ پر درج درست پتے کے مطابق تصدیق کر سکتے ہیں اور کسی بھی غلطی کی صورت میں فوری طور پر قریبی الیکشن کمیشن کے دفتر سے رجوع کر کے اسے درست کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ووٹ کا درست استعمال کر کے ملک میں جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن نجم علی، جوائنٹ سیکرٹری میمونہ بھٹی اور شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی میمونہ سردار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Shares: