گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں سے ایک کا نام ریڈ بک میں شامل تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان گجرات اور گوجرانوالہ میں سرگرم تھے اور سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے میں ملوث تھے۔ ملزمان دھوکہ دہی سے شہریوں سے بھاری رقم وصول کرکے انہیں جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیتے تھے۔

کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم علی اکبر کو چکوال سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو اسٹڈی ویزا پر امریکا بھجوانے کے نام پر 37 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

Shares: