گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگا ر محمد رمضان نوشاہی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت منعقدہ "کھیلتا پنجاب” ان ڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کے ڈویژنل سطح کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب قائداعظم ڈویژنل پبلک اسکول میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایم پی ایز عمر فاروق ڈار، صائمہ صدف، اور صدر چیمبر آف کامرس رانا محمد صدیق کے ہمراہ کھلاڑیوں کو انعامات دیے۔

تقریب میں کمشنر نے بتایا کہ مقابلوں میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کبڈی، آرچری، والی بال، ایتھلیٹکس، تیکوانڈو، اور میٹ ریسلنگ جیسے کھیل شامل تھے۔ مختلف کھیلوں میں ضلع سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، اور گوجرانوالہ کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ کرکٹ اور فٹ بال میں سیالکوٹ کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی، کبڈی میں منڈی بہاؤالدین، جبکہ ہاکی (بوائز) میں رچنا ہاکی کلب گوجرانوالہ اور ہاکی (گرلز) میں جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ نے کامیابی حاصل کی۔

فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں اور 1 لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد انعامات دیے گئے، جبکہ رنر اپ ٹیموں کو 50 ہزار سے 75 ہزار روپے انعامات سے نوازا گیا۔ انفرادی کیٹیگریز میں اتھلیٹکس، تیکوانڈو، اور میٹ ریسلنگ کے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور 25 ہزار روپے کے نقد انعامات دیے گئے، جبکہ رنر اپ کھلاڑیوں کو 15 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ "کھیلتا پنجاب” وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژنری پروگرام ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ ان مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرے گا۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیتنے والے کھلاڑی اور ٹیمیں مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ رنر اپ ٹیموں کو مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔ ایم پی ایز عمر فاروق ڈار اور صائمہ صدف نے کہا کہ "کھیلتا پنجاب” پروگرام حکومت پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Shares: