گوجرانوالہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے دوران جناح اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیااس دوران پولیس اہلکاروں کی غفلت نے اسپورٹس ایونٹ کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیا۔
تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، جب لاہور واپڈا اور گوجرانوالہ کی ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کے تنازعہ پر کھلاڑیوں، کوچز اور تماشائیوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔
مقابلوں کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان پوائنٹس پر اختلافات کی وجہ سے بحث تیز ہوگئی جو پھر جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ کھلاڑیوں اور ان کے حمایتی تماشائیوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی، جس سے اسٹیڈیم کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا۔
اس دوران اسٹیڈیم میں موجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور وہ صرف تماشا دیکھتے رہے۔ جب صورتحال مزید بگڑ گئی تو فیڈریشن کے عہدیداروں نے مداخلت کی اور دونوں ٹیموں کے درمیان معاملہ حل کرایا۔
اس واقعے نے اسپورٹس کی سرگرمیوں میں نظم و ضبط کی کمی کو اجاگر کیا، جہاں پولیس اور انتظامیہ کی غفلت نے پورے ایونٹ کی ساکھ کو متاثر کیا۔








