گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حیدر علی چٹھہ، سی ٹی او عائشہ بٹ، اور اے سی سٹی اقرا مبین گوندل کے ہمراہ حیدری انڈر پاس، جی ٹی روڈ شیرانوالہ باغ، سیالکوٹی انڈر پاس، اور ریل بازار کا دورہ کیا۔

ڈی سی نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو حیدری انڈر پاس پر ماڈل ریڑھی بازار لگانے کی ہدایت دی، جبکہ جی ٹی روڈ کے فٹ پاتھ پر تجاوزات کے مکمل خاتمے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ریل بازار اور دیگر بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔

ڈی سی کے وزٹ کے بعد میونسپل کارپوریشن کے انکروچمنٹ لینڈ سپرنٹنڈنٹ رحمت علی انصاری اور انسپکٹر عرفان نسیم بٹ نے اپنے عملے کے ہمراہ ریل بازار میں گرینڈ کلین اپ آپریشن کیا۔ بازار کے دونوں اطراف قائم تمام تجاوزات کو ختم کر دیا گیا اور اندرون شہر کے دیگر بازاروں میں بھی تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کر دی گئی۔

تجاوزات ختم نہ کرنے والے دکانداروں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آئندہ تجاوزات برقرار رکھنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ اقدامات شہریوں کی سہولت اور بازاروں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Shares: