گجرات کے علاقے ڈنگہ میں پرانی دشمنی کے باعث مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 6 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین کی گاڑی سڑک پر رواں دواں تھی کہ اچانک موٹرسائیکل سوار مسلح حملہ آوروں نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زاہد ناظم، چوہدری اختر رندھیر اور ان کے چار سکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کریں گی۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزمان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا








