گلف الائنس گروپ کا زمین کے نام پر دھوکہ، خاتون کو نہ زمین دی، نہ کرایہ، اپنا ہی حق مانگنےپر دھمکیاں دینے لگے، خاتون نے اعلیٰ حکام سے مدد کی اپیل کر دی
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون نورین سیال نے اسلام آباد میں مقدمہ درج کروایا ہے، درج مقدمے کے مطابق وہ اسلام آباد کے علاقے 8-F کی رہائشی ہیں، ان کے شوہر کی اپنی وراثتی جائیداد جو کہ فیصل آباد میڈیکل کالج کے قریب واقع تھی، نورین سیال کے مطابق، اس جائیداد کی فروخت کے دوران ایک گروہ نے ان کے شوہر کو دھوکہ دیتے ہوئے اسے جھانسہ دیا۔ ان افراد میں ولی اللہ (ڈائریکٹر گلف بائیٹس، بحریہ انکلیو اسلام آباد)، عرفان عالم (ساکن مشتاق مینشن بلیو ایریا اسلام آباد)، ماجد سلیم اور وحید شامل ہیں، جنہوں نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے سائلہ کے شوہر سے فیصل آباد میں واقع کروڑوں روپے کی مالیت کی جائیداد اپنے نام کرالی۔ اس کے بدلے میں انہوں نے سائلہ کو پانچ دوکانیں بحریہ انکلیو اسلام آباد میں رجسٹری کروا کر دینے کا وعدہ کیا۔جب ان دوکانوں کی رجسٹری سائلہ کے نام نہیں کروائی گئی تو اس نے تھانہ بنی گالہ میں مقدمہ درج کروایا۔ تاہم، ملزمان نے اس سے وعدہ کیا کہ جب وہ مقدمہ واپس لے لے گی تو اس کے نام دوکانوں کی رجسٹری کروائی جائے گی۔ سائلہ نے مقدمہ واپس لیا لیکن اگلے دن ہی ملزمان نے رجسٹری کرانے سے انکار کردیا اور اسے دھمکیاں دیں کہ وہ جان سے مار ڈالیں گے اگر اس نے ان دوکانوں کا مطالبہ کیا۔
اس کے بعد، سائلہ نے دوکانوں پر جانے کی کوشش کی تو ملزمان کے ایک ملازم نے اسے دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ اس کا پیچھا کریں گے۔ ملزمان نے نہ صرف سائلہ کو دھوکہ دیا بلکہ اس کی قیمتی جائیداد اور رقم بھی ہتھیائی اور اب تک واجب الادا کرایہ جو کہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے بنتا ہے، بھی نہ دیا گیا۔نورین سیال نے مزید یہ الزام لگایا کہ ملزمان نے ایک تحریری معاہدہ کیا تھا کہ پلاٹ کے بدلے دوکانیں رجسٹری کرائی جائیں گی لیکن انہوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ سائلہ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان اسے اور اس کے خاندان کو اغوا کرنے اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔نورین سیال نے پولیس سے درخواست کی کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ان کے پاس اس الزام کی حمایت میں تمام ضروری دستاویزات موجود ہیں۔پولیس تھانہ بنی گالہ نے مقدمہ درج کر لیا ہے.