پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی نامور اداکارہ کنزیٰ ہاشمی کا کہنا ہے کہ میں گلوکارہ بننا چاہتی تھی لیکن قسمت نے اداکارہ بنا دیا-
باغی ٹی وی :اداکارہ و ماڈل کنزیٰ ہاشمی نے حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویومیں اپنے شوبز کیرئیر کے حوالے سے بات کی انہوں نے کہا کہ اکثرفنکاروں سے جب یہ سوال کیا جاتا ہے کہ آپ اداکار کیسے بنے تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ حادثاتی طور پر یہ سب ہو گیا لیکن میرے ساتھ سچ میں ایسا ہی ہوا کیونکہ میں گلوکارہ بننا چاہتی تھی لیکن قسمت نے اداکارہ بنا دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی گلوکاری کا بہت شوق تھا، میٹرک کرنے کے بعد مزید پڑھائی کر رہی تھی تو دل میں گلوکاری کو کیرئیر بنانے کا شوق پیدا ہونے لگا گلوکاری کرنے کے لئے تو کوئی آفر نہ آئی لیکن ماڈلنگ کی پیشکش ہونے لگی میں نے اس کو قبول تو کر لیا اور سوچا کہ کرنی تو گلوکاری ہی ہے چلو ماڈلنگ کرنے میں بھی کوئی ہرج نہیں یوں میری شوبز انڈسٹری میں انٹری ہوئی۔
کنزیٰ ہاشمی نے مزید بتایا کہ میں سیکنڈ ائیر کی طالبہ تھی تو مجھے ماڈلنگ کی آفر ہوئی جس کومیں نے قبول کر لیا میرا پہلا شوٹ معروف فیشن فوٹوگرافر اور میک اپ آرٹسٹ خاور ریاض نے کیا اس کے بعد لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں فیشن شوکا حصہ بنی وہاں پر ڈرامہ ڈائریکٹر ذوالفقار علی کی مجھ پر نظر پڑی انہوں نے مجھے اداکاری کی آفر دی تو میں نے کہا کہ نہیں مجھے اداکاری کا شوق نہیں میں تو گلوکاری کرنا چاہتی ہوں-
کنزیٰ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ اس کے باوجود انہوں نے مجھے کہا کہ نہیں تم آڈیشن کیلئے آؤ میں آڈیشن کیلئے گئی خاصا مایوس کن آڈیشن تھالیکن ذوالفقار علی بضد تھے کہ تم اداکاری کرو میں نے کہا آڈیشن تو آپ کے سامنے ہی ہے تو کہنے لگے میں خود ہی اداکاری کروا لوں گا ڈائریکٹر کی طرف سے پندرہ دن مجھے ایکٹنگ کی کلاسز دی گئیں اس کے بعد ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہو گئی یوں مجھے پہلا ڈرامہ ملا چار سال کا عرصہ گزر چکا ہے پتہ بھی نہیں چلا کہ اتنا وقت کیسے گزرا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ابھی تک میں جن ڈراموں میں کام کر چکی ہوں اس میں ادھورا ملن، سنگسار، من چاہی، مورے سیاں، میری بہووئیں، عشق تماشا، صلہ، محبت تم سے نفرت ہے، رانی، دلدل، لمحے،تو عشق ہے،سیرت،ہم اسی کے ہیں،رانی نوکرانی،گل وگلزار،دیوار شب اور تومیراجنون شامل ہیں جبکہ ان دنوں ’تیرا یہاں کوئی نہیں‘ آن ایئر ہے۔