لاہور: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ عبدالمنان اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس ٹیم نے دکان میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی کرنے والے ملزم ندیم کو گرفتار کیا۔ ملزم سے لاکھوں روپے مالیت کے 3 موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ عبدالمنان نے اس کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم ندیم لاہور کے مختلف تھانوں کی حدود میں بھی متعدد ڈکیتیوں میں ملوث ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملزمان کے خلاف ثبوتوں کی بنیاد پر چالان تیار کیا جائے گا تاکہ انہیں سخت سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب ایس ایس پی محمد نوید کی زیرِ صدارت تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈ کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈ میں مختلف ڈویژنز کے ایس پیز نے شرکت کی۔ اس بورڈ میں 24 مقدمات، جن میں اقدام قتل، اغواء، چیک ڈس آنر، امانت میں خیانت، چوری اور دھوکہ دہی کے کیسز شامل تھے، زیرِ بحث آئے۔ مدعیوں نے اپنے مقدمات کی تفتیش تبدیلی کے لیے پیش کیے، اور افسران نے فریقین کے موقف سن کر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔رواں سال 18 تبدیلی تفتیش بورڈز میں 608 کیسز سنے گئے۔ ان میں سے متعدد تفتیشی افسران کو میرٹ پر تفتیش نہ کرنے پر سرزنش کی گئی اور شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی افسر کی جانب سے فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مقدمات کو برق رفتاری سے نمٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کا دفتر ہمیشہ کھلا رہتا ہے اور وہ ہر وقت شہریوں کی خدمت کے لیے دستیاب ہیں۔ایس ایس پی محمد نوید نے واضح کیا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ شہریوں کے لیے کھلے ہیں اور وہ اپنے فرائض کو انتہائی ذمہ داری سے ادا کریں گے تاکہ عوام کو بہترین سروس فراہم کی جا سکے۔