ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات آج اپنے آخری روز گوردوارہ جنم استھان میں جاری ہیں۔ دعائیہ تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سمیت اعلیٰ حکام کی خصوصی شرکت ہے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے بھی بھرپور حصہ لیا، جو مذہبی ہم آہنگی کی عظیم مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔

دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک نگر کیرتن نکالا جائے گا، جس میں تمام سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ مسلمانوں کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے 2 کلومیٹر طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے، جو ہر سال سکھ قوم کے لیے تحفہ میں دیا جاتا ہے۔ یہ روایت مذہبی رواداری اور باہمی احترام کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔

نگر کیرتن کے لیے صفائی ستھرائی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ روٹ پر جانے والے راستوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا، سیف سٹی کیمروں سے کڑی مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہیں۔ سکھ یاتری شہر کے ساتوں گوردواروں کی یاترا مکمل کر کے شام تک گوردوارہ جنم استھان واپس پہنچیں گے۔

آج رات 12 بجے بھوگ کی رسم اور اختتامی دعا کے ساتھ 556ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی۔ تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جو تقریب کی رونق کو مزید بڑھائے گا۔

Shares: