قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف صرف بھارت کے خلاف میچ نہیں بلکہ ایشیا کپ کی ٹرافی جیتنا ہے۔

دبئی میں پاک بھارت میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کے خلاف ہم بے خوف کرکٹ کھیلیں گے، صائم ایوب نے کہا کہ پلیئنگ الیون ہمیشہ پچ کی صورتحال کے مطابق منتخب کی جاتی ہے اگروکٹ خشک ہو تو اسپنرز کو موقع ملتا ہے، دباؤمیں رہ کر فتح حاصل کرناضروری ہے،کوئی کھلاڑی میچ جتوادے تو سب پچھلی کارکردگی بھول جاتے ہیں، ٹیم ورک کے ساتھ بڑا میچ جیتنا مقصد ہے، امریکہ میں کھیلے جانے والے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کی کچھ خاص یادیں نہیں ہیں، مینجمنٹ کا مشورہ ہے کہ ماضی سے سبق سیکھیں اور حال پر فوکس رکھیں۔

دوسری،جانب،ایشیا کپ کا سب سے اہم میچ آج کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی،دونوں ٹیموں نے ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دی پہلے میچ میں محمد حارث نے اچھی کارکردگی دکھائی اور 66 رنز کی اننگز کھیلی، بھارت نے بھی متحدہ عرب امارات کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایشیا کپ کا شاندار آغاز کیا۔ میزبان ٹیم 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے آسان ہدف صرف 4.3 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔

میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں پولیس نے شائقین کو بہتر رویہ اپنانے کی ہدایت کرنے کے ساتھ قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزاؤں کی بھی یاد دہانی کرا دی ہے۔

Shares: