جون 2025 میں ائیر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں بچ جانے والے واحد مسافر نے کئی ماہ بعد پہلی بار اس حوالے سے بات کی ہے۔
وسواش کمار رمیش بھارتی شہر احمد آباد کے قریب حادثے میں کرشماتی طور پر بچ گئے تھے اور انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ مسلسل اس واقعے کی جھلکیاں دیکھتے رہتے ہیں،39 سالہ وسواش کمار نے کہا کہ یہ کرشمے سے کم نہیں کہ وہ اب تک زندہ ہیں مگر اس حادثے میں بھائی کی موت نے ان کی ساری خوشی کو چھین لیا، اس حادثے میں ان کے بھائی اجے کی موت کا مطلب یہ ہے کہ خاندان نے سب کچھ کھو دیا،میں نے اپنی خوشی سمیت سب کچھ کھو دیا، خدا نے مجھے زندگی دی مگر میری اور میرے خاندان کی خوشیاں چھین لیں
وسواش کمار برطانوی شہریت رکھتے ہیں اور جون میں اپنے بھائی کے ساتھ خاندان سے ملنے کے لیے بھارت آئے ہوئے تھے،برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس حادثے نے میرے خاندان کو مکمل طور پر توڑ دیا، یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت ہے ، اس حادثے کے بارے میں بات کرنا ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے اور انہوں نے اب تک اس کی پہلی یاد کے بارے میں کسی سے بات نہیں کی، میں ہر وقت اس حادثے کی جھلکیاں دیکھتا رہتا ہوں، میں ہر وقت بیدار رہتا ہوں اور محض 3 سے 4 گھنٹے ہی سو پاتا ہوں،میرے خاندان نے مجھے سہارا دیا، میری ماں، والد اور چھوٹا بھائی سب ذہنی طور پر مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں، میرے انکل، کزن اور دوستوں نے اس موقع پر مجھے سہارا دیا، وہ ہر وقت میرے ساتھ ہوتے ہیں،ذہنی اور جسمانی طور پر میں اپنے خاندان سے زیادہ بات نہیں کر پاتا، میں ہر وقت اپنے کمرے میں تنہا رہتا ہوں، مجھے بات کرنا پسند نہیں، بس اپنے بستر پر بیٹھا سوچتا رہتا ہوں
حادثے کے شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے موجود تھے،حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا ، ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے "کٹ آف” پوزیشن میں چلے گئے تھے ، ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند ہوا اور جہاز نیچے آنے لگا۔








