بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے افسوسناک طیارہ حادثے پر پاکستان کے اعلیٰ سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثے میں 241 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دل گرفتہ ہوں، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اس المناک حادثے کو انسانیت کا مشترکہ دکھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے، بھارتی عوام اور وزیراعظم مودی سے تعزیت کرتا ہوں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گجرات کے شہر احمد آباد میں پیش آنے والا طیارہ حادثہ افسوسناک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایئر انڈیا کی پرواز کا حادثہ جان کر دکھ ہوا، بھارت کے عوام سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں حادثے پر گہرا دکھ ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی طیارہ حادثے میں ہلاکتوں پر افسوس ہے، ہم متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایئر انڈیا حادثہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بھارتی، برطانوی اور کینیڈین شہریوں کی ہلاکت پر دکھ ہے۔

واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے لندن جا رہا تھا، جو ٹیک آف کے فوراً بعد ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ 241 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ ایک 40 سالہ برطانوی شہری وِشوَش کمار رمیش معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

Shares: