حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر رمضان المبارک میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی سحر و افطار پوائنٹس پر چیکنگ جاری ہے۔ سٹی سکھیکی، جلال پور بھٹیاں سمیت مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کے دوران 44 فوڈ پوائنٹس کی جانچ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 12 فوڈ پوائنٹس کو 1 لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 32 کو سخت وارننگز جاری کی گئیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بڑی مقدار میں گلے سڑے پھل، سبزیاں، بچا ہوا کھانا اور آلودہ پانی تلف کر دیا گیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
علی الصبح 20 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود دودھ کا معائنہ بھی کیا گیا، جس میں اشیاء کی تیاری میں گلے سڑے پھل اور سبزیوں کے استعمال کا انکشاف ہوا۔ فاسٹ فوڈ ہوٹلز کو پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق فنگس زدہ اور گلے سڑے پھلوں کا استعمال موذی امراض کا سبب بنتا ہے، اسی لیے رمضان المبارک میں معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سحر و افطار کے دوران بھی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیمیں تین شفٹوں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اشیاء خریدنے سے قبل معیار کی جانچ ضرور کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔