حافظ آباد: استری بند نہ کرنے کے باعث گھر میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان

حافظ آباد ،باغی ٹی وی (شمائلہ خبر نگار) حافظ آباد کے کلمہ چوک کے قریب گلی مسجد بلالؓ والی میں ایک گھر میں استری بند کرنا بھول جانے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان، فرنیچر اور دیگر اشیاء جل کر راکھ ہو گئیں۔ رہائشیوں کے مطابق جیسے ہی آگ بھڑکی، دھواں اور شعلے بلند ہونے لگے، جس سے اہلِ محلہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 15 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نہایت مستعدی سے کام لیتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا، جس سے ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
شہریوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اگر ریسکیو ٹیم تاخیر سے پہنچتی تو نقصان مزید سنگین ہو سکتا تھا۔