ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،ڈاکٹرغلام مصطفیٰ بڈانی کی رپورٹ)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے لیے ایک اہم اور تاریخی لمحہ، جب معروف دینی شخصیت اور عالم دین حافظ عبدالکریم کو تنظیم کا بلا مقابلہ امیر منتخب کر لیا گیا۔ یہ انتخاب تنظیم کے سابق سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے بعد عمل میں آیا۔ انتخابی عمل کی نگرانی چیئرمین الیکشن بورڈ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کی جبکہ مجلس شوریٰ کے ارکان نے مرکز اہلحدیث میں اس عمل میں بھرپور شرکت کی۔
انتخابی عمل میں حافظ عبدالکریم کے مقابل کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا، جس کے باعث وہ بلا مقابلہ امیر منتخب ہوئے۔ اس موقع پر شرکاء نے انہیں بھرپور اعتماد اور محبت کے ساتھ اس عظیم دینی منصب کے لیے چُنا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرحوم پروفیسر ساجد میر جو طویل عرصے تک مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ رہے، 3 مئی کو مختصر علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی دینی خدمات اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اب ان کے بعد یہ بھاری ذمہ داری حافظ عبدالکریم کے کندھوں پر آ گئی ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں حافظ عبدالکریم کے بلامقابلہ انتخاب پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اہلحدیث کے کارکنان، علمائے کرام اور عوام نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ ڈیرہ غازی خان جیسے نسبتاً پسماندہ خطے سے تعلق رکھنے والے ایک جید عالم دین کو ملکی سطح پر اتنی بڑی دینی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ حافظ عبدالکریم کی علمی بصیرت، دینی خدمات، تنظیمی صلاحیت اور اعلیٰ کردار کے باعث امید ہے کہ وہ نہ صرف اہلحدیث مکتبہ فکر کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے بلکہ دین اسلام کی خدمت میں بھی نمایاں کردار ادا کریں گے۔ ان کی قیادت میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مزید مضبوط، متحد اور متحرک ہو گی۔
آخر میں عوام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حافظ عبدالکریم کو اپنے مشن میں کامیاب فرمائے، انہیں استقامت اور رہنمائی عطا کرے تاکہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ثابت ہوں۔ ان کے اس اعزاز پر ایک بار پھر ڈیرہ غازی خان کے عوام نے دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔