کراچی: الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 129 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
باغی ٹی وی : نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 129 کراچی سے حافظ نعیم الرحمان نے تمام امیدواروں سے سب سے زیادہ ووٹ 26 ہزار 296 ووٹس حاصل کیے،ذرائع الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے فارم سی جمع کرانے کے بعد کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عام انتخابات کے بعد حافظ نعیم الرحمان نے اس سیٹ سے اپنی کامیابی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا،کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا 8 فروری کو بہت سارے پولنگ اسٹیشنز پر وقت پر پولنگ شروع نہیں ہوئی، وقت گزرتا گیا ہم پولنگ شروع نہ ہونے کی شکایات کرتے رہے، عوام کو حق رائے دہی سے محروم کیا گیا۔
پی آئی اے کا آپریٹنگ منافع میں ہونے کا انکشاف
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، الیکشن کمیشن کے فارم 47 کے مطابق مجھے 26 ہزار ووٹ ملے لیکن فارم 45 کے مطابق مجھے 30464 ووٹ ملے، تحریک انصاف کو زیادہ ووٹ ملے ہیں، ہم ان کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں، ہم تحریک انصاف کی جیت کو تسلیم کرتے ہیں، ایم کیو ایم ایک کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت سکتی۔
ان کا کہنا تھا میں اتنا ظرف رکھتا ہوں کہ اعلان کرتا ہوں کہ پی ایس 129 پر آزاد امیدوار جیتا ہے، میں پی ایس 129 کی نشست سے دستبردار ہوتا ہوں، ہمیں ایک ووٹ بھی اضافی نہیں چاہیے اور اپنا ایک ووٹ بھی کسی کو دینے کو تیار نہیں ہیں۔








