آنکھوں کے سامنے اپنوں کا بہہ جانا،کربناک لمحات،عافیت کی دعاکرنی چاہئے،حافظ طلحہ سعید
دریائے سوات کنارے مرکزی مسلم لیگ واٹر ریسکیو سنٹر بنائے گی،حافظ طلحہ سعید کا اعلان
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے سانحہ سوات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ڈسکہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
مرکزی مسلم لیگ کے وفد نےڈسکہ میں متاثرہ اہلخانہ سے ملاقات کی اور سیلابی ریلے میں ڈوب کر اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا،مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی،وفدمیں مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم و دیگر بھی شامل تھے.اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ انتہائی تکلیف دہ کیفیت ہے ،آنکھوں کے سامنے خاندان کے افراد سیلاب میں بہہ رہے تھے، یہ کربناک،المناک لمحات ہم سب کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہیں، ہمیں اللہ تعالیٰ سے عافیت مانگنی چاہئے،یہ ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے کہ ہم اپنے بچھڑنے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہوں، حکومت کو چاہیے تھا کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کرتی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور خدمت کی سیاست ہمارا مشن ہے،مرکزی مسلم لیگ دریائے سوات کنارے ریسکیو سنٹر قائم کر رہی ہے جہاں چوبیس گھنٹے تربیت یافتہ عملہ موجود ہو گا، آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لئےمرکزی مسلم لیگ کردار ادا کرے گی، سانحہ سوات پر سیاست کی بجائے حکمران ایسے سانحات کو روکنے کے لئے کردار ادا کریں،اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سانحہ سوات کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، حکومت کی مجرمانہ غفلت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا.
حافظ طلحہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ سوات میں جو افراد ڈوبے ان میں ڈاکٹر عبدالرحمان کے خاندان کے 10 افراد شہید ہوئے، ہم تعزیت کے لئے حاضر ہوئے، دکھ کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل دے،یہ بہت بڑی آزمائش ہے،آنکھوں کے سامنے پیاروں کا ڈوبنا ناقابل بیان اور ناقابل برداشت ہے، خاندان کو بچانے کی کافی کوشش کی گئی،ہم اللہ تعالیٰ سے عافیت کی دعا کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ پاکستان کو محفوظ فرمائے، بے حسی سے سب کو بچائے، حکومت کو ماننا چاہئے کہ مجرمانہ غفلت ہوئی، رب سے معافی مانگنی چاہئے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات ہونے چاہیے