حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قصابوں نے سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مہنگے داموں خریداری کے بعد کم نرخوں پر فروخت ممکن نہیں، کیونکہ اس سے انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
قصابوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار انتظامیہ سے سرکاری نرخوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، جس کے باعث اب وہ گوشت فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران قانونی کارروائیوں اور جرمانوں سے بچنے کے لیے کئی دکانداروں نے اپنی دکانیں ہی بند کر دی ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ کی ناقص حکمتِ عملی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان سے قبل بھی قصاب من مانے نرخوں پر مہنگا گوشت فروخت کر رہے تھے جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی۔ اب اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قصابوں نے سرے سے گوشت فروخت کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
قصابوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری نرخوں پر نظرثانی کی جائے، تاکہ وہ نقصان سے بچ سکیں اور عوام کو بھی معیاری گوشت مناسب داموں دستیاب ہو سکے۔ دوسری طرف، ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔