حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگار) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سی ای او ایم سی اکرام اللہ سندھو اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹیچر کالونی، بجلی محلہ، چوک صدیق اکبر، شیر پورہ، ریلوے لائن اور دیگر علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام گلی محلوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے سیوریج نالوں اور نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی کی فوری نکاسی کا حکم دیتے ہوئے صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرنے کا عندیہ دیا۔

دورے کے دوران شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا گیا، جنہوں نے صفائی مہم اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ شہر کی تمام سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں صفائی کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنایا جائے گا اور ستھرا پنجاب پروگرام میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Shares: