حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن کمیٹی کے عہدیداران، ممبران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مذہبی ہم آہنگی اور انتظامیہ سے تعاون پر میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند سے نوازا گیا۔ ڈی سی عبدالرزاق نے اس موقع پر کہا کہ ضلع حافظ آباد کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے گا۔
کمیٹی ممبران سے صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کی اپیل کی گئی، جبکہ علما کرام سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے پیغام کو عام کرنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔