حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگارشمائلہ ملک) قیامت خیز ژالہ باری، سفید آفت نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، فصلیں تباہ، زمیندار پریشان
حافظ آباد میں موسلا دھار بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری نے پورے علاقے کو سفید چادر میں لپیٹ دیا۔ غیر معمولی موسمی تبدیلی نے شہریوں کو حیران کر دیا، جبکہ زمینداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہر طرف برف ہی برف دکھائی دینے لگی، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
شہر کی سڑکیں اور گلیاں برف سے ڈھک گئیں۔ جناح چوک، ونیکے روڈ، لالکے دھرنکے، چھنی ہنجرواں، باورے نو، دولو کولو تارڑ، اور کسوکی سمیت کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری دیکھنے میں آئی۔ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
شدید ژالہ باری نے زراعت کے شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ گندم، سبزیاں، ٹماٹر، مٹر، چارہ اور باغات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کھیتوں میں کھڑی فصلیں برف کے نیچے دب گئی ہیں، جس سے زمیندار سخت پریشان ہیں اور ان کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
دوسری طرف نارووال سے لاہور ریلوے ٹریک پر بھی برفباری کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ نارنگ منڈی اسٹیشن پر برف کی تہہ جم جانے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ برف سے بھرے ریلوے ٹریک نے ٹرینوں کی آمد و رفت کو بھی متاثر کیا۔
زمینداروں اور کاشتکاروں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سروے کرکے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور مالی امداد فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت مدد نہ کی تو ان کی معاشی حالت مزید خراب ہو جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔