حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تھانہ ونیکی تارڑ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں ڈی پی او حافظ آباد نے سائلین اور معززین علاقہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ سائلین کے مسائل فوری طور پر حل کر کے داد رسی کو ہر ممکن یقینی بنایا جاتا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور مسائل سنے گئے۔ ڈی پی او حافظ آباد نے متعلقہ افسران کو سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والے شہریوں کی درخواستوں کا ریکارڈ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر کیا جاتا ہے اور مقرر کردہ ٹائم لائن پر ان درخواستوں کے بارے میں متعلقہ افسران سے فالو اپ لیا جاتا ہے اور متعلقہ افسران کی جانب سے کارروائی کو ہر ممکن یقینی بنایا جاتا ہے۔
مزید کہا کہ پولیس کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور شہریوں کے مسائل کا بروقت حل ہماری اولین ترجیح ہے۔