حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) موٹروے پولیس نے تیز رفتاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم حسن اقبال ولد بہادر خان موٹروے M2 پر سیال موڑ کے قریب 163 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تیز رفتاری نہ صرف ڈرائیور کی جان بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں تیز رفتاری کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔