حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ کی رپورٹ) شاہین مارکیٹ میں دوبارہ ناجائز تجاوزات، شہریوں کا فوری کارروائی کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے باوجود شاہین مارکیٹ میں بعض دکانداروں کی جانب سے دوبارہ ناجائز تجاوزات قائم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر شہریوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف گزرگاہ مزید تنگ ہو گئی ہے بلکہ عوام، خاص طور پر خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے شاہین مارکیٹ کے دکانداروں کو پہلے بھی وارننگ دی تھی، مگر ان احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے بعض دکانداروں نے دوبارہ سڑکوں پر سامان رکھ کر تجاوزات قائم کر لی ہیں۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
مارکیٹ میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ تنگ راستوں کی وجہ سے نہ صرف وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ کچھ دکانداروں نے بھی تجاوزات کے خاتمے کی حمایت کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی کریں تاکہ بازار میں عوام کی نقل و حرکت آسان ہو سکے۔ ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بناتے ہوئے سخت اقدامات کرے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے اور شاہین مارکیٹ کو دوبارہ محفوظ اور صاف ستھرا بنایا جا سکے۔








