حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ کی رپورٹ) نواحی گاؤں کوٹ بختاور کے رہائشی اور محکمہ سوئی گیس کے ملازم جواد الحسن نون نے ٹریفک پولیس اہلکار کی زیادتیوں کا انکشاف کیا ہے۔ متاثرہ شخص کے مطابق حافظ آباد میں ڈیوٹی کے دوران فوارہ چوک پر ٹریفک پولیس اہلکار افضال نے انہیں روکا اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا۔
لائسنس دکھانے پر اہلکار نے بے بنیاد اعتراضات اٹھائے، کبھی لائسنس کو جعلی قرار دیا تو کبھی تصویر پر اعتراض کیا۔ آن لائن تصدیق کے باوجود اہلکار نے بدتمیزی اور گالم گلوچ کی، زبردستی لائسنس ضبط کر لیا اور کہا کہ 2000 روپے جرمانہ ادا کرنے پر لائسنس واپس ملے گا۔
متاثرہ شہری جواد الحسن نون نے بتایا کہ ان کا لائسنس حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری شدہ اصل دستاویز ہے۔ لائسنس ضبط کرنا اور ناجائز جرمانہ عائد کرنا سراسر غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔
متاثرہ شخص نے ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ عوام نے بھی ٹریفک پولیس کے اس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔