حافظ آباد: مبارک کالونی ،سیوریج کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، شہری پریشان

حافظ آباد,باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ کی رپورٹ) شہر کی معروف رہائشی آبادی مبارک کالونی کے مکین گندے پانی کے دیرینہ مسئلے سے شدید پریشان، سیوریج کا ناقص نظام اور انتظامیہ کی بے حسی شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی۔

گزشتہ کئی ماہ سے گلیوں میں کھڑے سیوریج کے پانی نے جوہڑ کا منظر پیش کر دیا ہے، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچے، بزرگ اور خواتین سبھی بدبو، مچھروں اور بیماریوں کے خوف میں مبتلا ہیں، جبکہ انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب کے صفائی و ترقیاتی منصوبے بھی مبارک کالونی میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں نے کئی بار میونسپل کمیٹی اور متعلقہ حکام سے شکایات کیں، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ متعدد وعدے کیے گئے مگر عملدرآمد صفر رہا، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیوریج نظام کو بہتر کیا جائے، کھڑے پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور مستقل بنیادوں پر صفائی کو یقینی بنایا جائے، ورنہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

Comments are closed.