حافظ آباد(خبر نگارشمائلہ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے حافظ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے رمضان سہولت بازار اور "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوامی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ ان منصوبوں کو شفافیت اور معیار کے مطابق جلد مکمل کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت رواں سال کے آخر تک صوبے میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک پنجاب بھر میں 25 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ مزید مکانات کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ آسانی سے اپنے گھروں کے مالک بن سکیں۔
بلال یاسین نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے لیے اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد نے پورٹل وزٹ کیا جبکہ 5 لاکھ درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت اس منصوبے میں مکمل شفافیت رکھی گئی ہے اور قرضوں کی فراہمی میرٹ پر کی جا رہی ہے تاکہ حقدار افراد ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے رمضان پیکج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے 30 لاکھ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے 30 ارب روپے کا خصوصی رمضان پیکج متعارف کرایا ہے۔ اس پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کی امدادی رقم عزت و وقار کے ساتھ ان کے گھروں تک پہنچائی گئی ہے تاکہ وہ رمضان المبارک میں بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بے مثال اقدامات کر رہی ہے اور ماضی میں ایسی سہولتوں کی مثال نہیں ملتی۔ رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء دستیاب ہو سکیں۔
دورے کے دوران بلال یاسین نے رمضان بازار کا معائنہ کیا اور وہاں کیے گئے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور یہ ضلعی انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے رمضان بازار میں خریداروں سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار کے حوالے سے فیڈبیک بھی لیا۔ شہریوں نے حکومت کی جانب سے سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں یہ اقدام غریب عوام کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔
بلال یاسین نے "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت بننے والے گھروں کا بھی جائزہ لیا اور وہاں موجود شہریوں سے گفتگو کی۔ شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں اپنا گھر بنانا ایک خواب لگتا تھا، جو اب حقیقت بن رہا ہے۔ انہوں نے بلا سود قرضوں کی فراہمی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ مزید وسعت اختیار کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو فائدہ پہنچے۔
صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ترقیاتی منصوبے شفافیت اور تیزی کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔