حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ)پولیس سے فرار ملزم دوبارہ گرفتار، 3 اہلکار بھی شکنجے میں آ گئے
تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عاطف نذیر کے حکم پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے اشتہاری ملزم بابر علی کوطورخم بارڈر سے گرفتار کر لیا۔ ملزم 48 گھنٹے قبل پولیس کی حراست سے فرار ہوا تھا اور بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں تھا۔
ایس ڈی پی او صدر رانا جمیل قیصر کی نگرانی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا۔ ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون کی قیادت میں ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق بابر علی پر منشیات، چوری اور ڈکیتی کے 6 مقدمات درج ہیں۔
ملزم کی پولیس حراست سے فراری کے بعد مکمل انکوائری کی گئی، جس میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبلز کو ملوث پایا گیا۔ تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گرفتاری کے لیے بنائی گئی ٹیم میں ایس ایچ او کالیکی منڈی شعیب اسلم، ایس ایچ او سکھیکی منڈی میاں ظہیر احمد، ایس ایچ او کسوکی مشتاق نون، ایس ایچ او سٹی سہیل اشرف، ایس ایچ او جلالپور بھٹیاں جہانگیر چدھڑ، انسپکٹر حفیظ انجم اور دیگر شامل تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر عاطف نذیر کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر جہاں بھی چھپیں گے، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔