حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) حافظ آباد میں یوم تکبیر کی مرکزی تقریب آج ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پرچم کشائی کی، جس کے بعد پولیس دستوں نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تہوّر حسین تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اینڈ فنانس حامد ناصر گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر، سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران، ملازمین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تہوّر حسین تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں پہلی مسلمان ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہے، جو نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ایٹمی طاقت کی بدولت دشمن کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی رکھتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آنے والے ملک پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ 1998 میں حکومتی اور افواج پاکستان کی قیادت اور ہمارے قابل فخر سائنسدانوں نے ایٹمی دھماکہ کر کے پوری دنیا کو یہ ثابت کیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ ہم ایک پرامن، بہادر اور جرات مند قوم ہونے کے ساتھ ساتھ ایٹمی قوت بھی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش بھی کی تو ہم نہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں بلکہ دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔
اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، استحکام، سربلندی اور تحفظ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ یوم تکبیر کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی پرچم اور فلیکسز اٹھا کر "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
یوم تکبیر کی مناسبت سے محکمہ تعلیم کی جانب سے مختلف سکولوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں طلباء و طالبات نے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کے حوالے سے ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے۔