حافظ آباد ،باغی ٹی وی (خبر نگارشمائلہ) حافظ آباد کے علاقے محلہ قلعہ صاحب سنگھ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دی گئی مٹھائی کھانے کے بعد سات سے آٹھ بچے شدید بیمار ہو گئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ان میں سے دو بچے اپنی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ دیگر کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابقایک نامعلوم گاڑی سوار شخص نے محلہ قلعہ صاحب سنگھ میں بچوں کو مٹھائی تقسیم کی تھی۔ مٹھائی کھانے کے کچھ ہی دیر بعد بچوں کی حالت اچانک بگڑنا شروع ہو گئی۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے باوجود دو کمسن بچے دم توڑ گئے۔ باقی متاثرہ بچوں کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں گہرے خوف و ہراس کی فضا طاری ہو گئی ہے۔ مقامی افراد کی ایک بڑی تعداد غمزدہ ہو کر ہسپتال اور جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی ہے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے فوری طور پر واقعے کی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور مٹھائی دینے والے نامعلوم شخص کی تلاش تیز کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی کڑی نگرانی کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ اس واقعے نے علاقے میں ایک سوگ کی کیفیت پیدا کر دی ہے اور والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد ہی حقائق سامنے لائے جائیں گے۔