حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) موضع ڈھلکے میں شہریوں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزمان کو گرفتار کروا دیا۔ تشدد، بدمعاشی اور شہریوں کو دھمکانے کے اس واقعے پر تھانہ کسیسے میں مقدمہ درج کر کے پانچ مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احسان اللہ تارڑ ولد جعفر سکنہ سندھواں تارڑ کے ملازمان مرغیوں کی خریداری کے سلسلے میں موضع ڈھلکے کے ایک پولٹری فارم پر گئے۔ لین دین کے تنازع پر فارم کے عملے نے شہریوں کو دفتر میں بند کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی ویڈیوز بھی بنائی گئیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پھیلے۔
ڈی پی او عاطف نذیر کی ہدایت پر پولیس تھانہ کسیسے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شاہد عمران ولد غلام حسین، غلام رضا ولد خادم حسین، ثمر عباس ولد غلام عباس، قیصر عباس ولد محمد اسلم اور ملازم حسین ولد فقیر محمد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، شہریوں پر تشدد یا بدمعاشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام میں قانون کی عملداری اور تحفظ کا احساس قائم ہو۔